Pages

Friday, March 11, 2011

جاپان میں شدید زلزلے کے بعد سونامی

جاپان میں جمعہ کی دوپہر آنے والے شدید زلزلے کے بعد پیدا ہونے والے سونامی کی قریباً دس میٹر اونچی لہریں ملک کے شمال مشرقی ساحلی علاقوں میں تباہی پھیلا رہی ہیں۔
ٹی وی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ گھروں، کاروں اور کشتیوں اور چھوٹے بحری جہازوں کو پانی کی ایک ’دیوار‘ بہائے لے جا رہی ہے۔
اب تک پندرہ افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق بہت سے افراد لاپتہ ہیں۔
جاپان کے معیاری وقت کے مطابق دوپہر پونے تین بجے کے قریب آنے والے اس زلزلے کی ریکٹر سکیل پر شدت آٹھ اعشاریہ نو تھی اور اس کا مرکز ٹوکیو سے چار سو کلومیٹر دور سمندر میں بیس میل گہرائی میں تھا۔
ماہرین کے مطابق یہ جاپان کی تاریخ کا شدید ترین زلزلہ تھا اور اس زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق زلزلے سے ٹوکیو میں کئی منٹ تک عمارتیں لرزتی رہیں جس کے بعد لوگ خوف کے عالم میں گھروں سے باہر نکل آئے۔ٹی وی فوٹیج کے مطابق ٹوکیو شہر کے متعدد علاقوں میں آگ بھڑک اٹھی اور شہر کے مضافات میں واقع تیل صاف کرنے والے کارخانے سے آگ کے شعلے بلند ہو رہے ہیں۔
کاریں، ٹرک، کشتیاں اور یہاں تک کہ عمارتیں پانی میں بہہ گئی ہیں

اس زلزلے کے نتیجے میں آنے والے سونامی سے جاپان کا شمال مشرقی شہر سینڈائی بری طرح متاثر ہوا ہے اور سارا شہر اور اس کے اردگرد کی زرعی زمین زیرِ آب آ گئی ہے۔ جاپانی ٹی وی پر دکھائی جانے والی فوٹیج میں فیکیوشیما کے علاقے اور اوناہاما شہر میں کاریں، ٹرک، کشتیاں اور یہاں تک کہ عمارتیں پانی میں بہتی دکھائی گئی ہیں۔
ٹوکیو میں ٹرین سروس معطل ہو گئی ہے اور کچھ جوہری بجلی گھر خودکار طریقے سے بند ہو گئے ہیں۔ سونامی کے بعد ناریٹا اور سینڈائی ائرپورٹس کو بند کر دیا گیا ہے جبکہ ملک کے شمالی علاقوں کو جانے والی سڑکیں اور ریل رابطے بھی متاثر ہوئے ہیں۔

سونامی وارننگ
جاپان میں اس شدید زلزلے کے بعد آسٹریلیا اور جنوبی امریکہ سمیت بحر الکاہل کے قریباً تمام ساحلی علاقے میں سونامی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔

بحرالکاہل کے سونامی وراننگ سینٹر کا کہنا ہے کہ سونامی کر لہروں کی اونچائی دس میٹر تک ہو سکتی ہے اور یہ جنوبی امریکی ملک چلی تک پہنچ سکتی ہیں جبکہ ریڈ کراس کے مطابق اس سونامی کی اونچائی بحرِ الکاہل میں موجود بیشتر جزائر سے زیادہ ہے۔

سونامی کی لہریں کرل جزائر تک پہنچ گئی ہیں جنہیں پہلے ہی روسی حکام نے خالی کروا لیا تھا جبکہ فلپائن کے شمالی جزائر پر سونامی لہریں کسی بھی وقت پہنچے والی ہیں۔ انڈونیشیا میں شمالی سولاویسی، پوپوا اور ملوکو جزائر اور تائیوان کے شمالی اور مشرقی ساحلی علاقوں میں سونامی وارننگ جاری کی گئی ہے۔

No comments:

Post a Comment